Wednesday, May 6, 2009

وسٹا کے بعد ونڈوز 7 تیار


سافٹ ویئر کی سب سے بڑی کمپنی مائیکرو سافٹ اگلے ہفتے ونڈوز کے نئے ورژن کی نمائش کر رہی ہے۔
نیا سافٹ ویئر’ونڈوز سیون‘ ونڈوز وسٹا کے بعد کا ورژن ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اس بار وہ سب کچھ نہیں ہوگا جو ونڈوز وسٹا کے اجرا کے موقع پر ہوا تھا۔
ونڈوز وسٹا کے اجرا پر صارفین نے شکایت کی تھی کہ یہ پروگرام دوسرے کئی سافٹ ویئر سے ہم آہنگی نہیں رکھتا جس کی وجہ انہیں اپنے کمپیوٹروں پر مزید رقم خرچ کرنی پڑی تھی۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ ونڈوز سیون کی دوسرے تمام پروگرموں سے ہم آہنگی ہو گی اور صارفین کو ونڈوز سیون استعمال کرنے کے لیے نئے کمپیوٹر یا موجودہ کمپیوٹر کے اپ گریڈ پر خرچا کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
برطانیہ میں مائیکروسافٹ کےڈائریکٹر جان کرن نے بی بی سی کو بتایا کہ ونڈوز وسٹا کی لانچ کےموقع پر بعض صارفین کو مشکلات پیش آئی تھیں لیکن اس بار ایسی صورتحال سے بچنے کی کوشش کی گئی ہے۔
جان کرن نے کہا کہ مائیکروسافٹ نے ماضی سے سبق سیکھا ہے اور اپنے پارٹنرز کے ساتھ ملکر ایک ایسا سافٹ ویئر تیار کیا ہے جو تمام پرانے سافٹ ویئر سے مطابقت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا جن صارفین کے کمپوٹر ونڈوز وسٹا چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں وہ ونڈوز سیون بھی چلا سکیں گے۔
مائیکروسافٹ نے ونڈوز وسٹا کو پہلی نمائش کے پانچ ماہ بعد صارفین کے لیے جاری کر دیا تھا لیکن ونڈوز سیون کے بارے میں کمپنی کوئی تاریخ دینے سے گریزاں ہے۔
مائیکروسافٹ ڈائریکٹر جان کرن کا کہنا ہے کہ ونڈوز سیون صرف اسی وقت جاری کیا جائے گا جب وہ تیار ہوگا۔انہوں نے کہا مائیکروسافٹ نے ونڈوز وسٹا کے اجرا کے تین سال کے بعد نیا ورژن جاری کرنے کا پروگرام بنایا تھا اوراس کے مطابق جنوری دو ہزار دس میں ونڈوز سیون صارفین کی دسترس میں ہونا چاہیے۔
جن کمپوٹر ماہرین کو ونڈوز سیون کو ٹیسٹ کرنے کا موقع ملا ہے ان کا کہنا ہے کہ نیا سافٹ ویئر ونڈوز وسٹا سے رفتار میں بہتر ہے اور اس کے ساتھ کمپیوٹر کے آن اور آف ٹائم میں خاصی کمی ہو جاتی ہے۔

No comments:

Post a Comment